تفصیلات کے مطابق اڈیالہ روڈ، داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا مذاکرات کے لیے جس جس نے جو کردار ادا کیا، ہم اس کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس پارٹی چیئرمین شپ بانی کی امانت ہے، جب کہیں گے چھوڑ دوں گا۔ میرے خلاف افواہیں پھیلائی گئیں، لیکن میں اپنے مؤقف سے نہیں ہٹوں گا۔ فی الوقت ہمارے کسی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کی ملاقات نہیں ہو رہی، جب پاکستان کی آواز لگتی ہے تو ہم ملک اور قوم کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ اتنے بڑے لیڈر سے ملاقات نہ کرنے دی جائے؟
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جنوری میں عمران خان کی آنکھ کا آپریشن کروایا گیا، مگر کسی کو ملنے نہیں دیا گیا۔ بانی اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے ملک کا بے تحاشا نقصان ہوگا۔ ایک مرتبہ ڈاکٹر کو جانے دیا جائے تو سب کچھ واضح ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات پر ہمارا بیانیہ واضح ہے، ہم عوامِ پاکستان اور ملک کی بہتری کے ساتھ ہیں۔ ابھی بھی بریک ڈاؤن نہیں ہوا، ایک نیا سیشن ہو جائے گا۔ پاکستان مزید تناؤ اور نفرت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایران امریکا مذاکرات پر ہمارا مؤقف واضح ہے، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ سفارتی سطح پر پاکستان کو ملنے والی عزت کو ہم نے خوش آمدید کہا۔ ایران امریکا مذاکرات میں بریک تھرو نہیں ہوا، لیکن الحمدللہ بریک ڈاؤن بھی نہیں ہوا۔ امید ہے کہ اگلے مذاکراتی دور میں عارضی سیز فائر مستقل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے امن کے لیے بہترین کردار ادا کر رہا ہے۔ اس جنگ سے پوری دنیا سمیت پاکستان کی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔ ہم نے پاکستان کی خوشی میں جلسہ منسوخ کیا اور پاکستان کے کردار پر خوشی کا اظہار کیا۔ جب کہ اسمبلی کے فلور پر کہا کہ یہ کون سی صلح پسندی ہے کہ آپ دوسروں کی صلح کرائیں اور آپس میں لڑیں، دوسروں کو جوڑیں اور اپنوں کو توڑیں۔ اگر آپ دنیا میں سیز فائر کراتے ہیں تو اپنوں میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عالمی استحکام کے لیے داخلی استحکام بھی ضروری ہے۔ جوڈیشل پالیسی کے مطابق جن مقدمات کا فیصلہ 35 دن میں ہونا تھا، انہیں پندرہ ماہ تک لٹکایا گیا۔ سیاسی استحکام آنے سے صوبائی حکومتیں بہتر ہوں گی۔ سوشل میڈیا پر کسی کا کنٹرول نہیں، لیکن ہم نے بطور جماعت پاکستان کے کردار کو بھرپور سپورٹ کیا۔






