اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم اس غم کی گھڑی میں ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر میں حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی روایات اور اصولوں کے مطابق ریاستوں کے سربراہان کو ہدف نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سید علی خامنہ ای کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایرانی عوام کو یہ عظیم صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

یاد رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہفتے کے روز ہونے والے امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملوں میں شہید ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق حملہ ان کے دفتر پر کیا گیا جہاں وہ موجود تھے۔

ایران سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر کی شہادت پر  ایران  میں سات روزہ تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔