چینیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف اور فیض حمید دونوں اپنے وقت کے فرعون تھے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار اور طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے اور آج وہ خود مکافاتِ عمل سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیض حمید نے بھی طاقت کے نشے میں اپنے حلف اور اختیارات کی خلاف ورزی کی اور تاریخ کا انصاف یہ ہے کہ آج بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں جبکہ فیض حمید کو سزا سنائی جا چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان کوئی بات نہیں ہوئی، تاہم صوبے کی موجودہ صورتِ حال کی ذمہ داری خود پی ٹی آئی پر ہے۔

 ان کے مطابق، پی ٹی آئی ایسی صورت حال پیدا کر رہی ہے کہ وفاقی حکومت آخرکار مجبور ہو کر سخت اقدامات پر غور کر سکتی ہے۔