ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عراق ائیر کی پرواز آئی اے 409 آج علی الصبح 4 بج کر 53 منٹ پر بغداد سے کراچی ایئرپورٹ پہنچی، جہاں مسافروں کا استقبال کیا گیا۔ پرواز میں زائرین، کاروباری شخصیات اور دیگر مسافر سوار تھے جو طویل عرصے سے براہِ راست فضائی سروس بحال ہونے کے منتظر تھے۔
کراچی پہنچنے کے بعد عراق ائیر کی واپسی پرواز آئی اے 410 صبح 7 بج کر 14 منٹ پر بغداد کے لیے روانہ ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کی بحالی سے نہ صرف زائرین کو سہولت ملے گی بلکہ تجارتی اور سفارتی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔
مشرق وسطیٰ جنگ کے 86 دن بعد عراق سے پاکستان کا براہ راست فضائی رابطے بحال ہوگئے،بغداد سے عراقی ایئر کی 28 فروری کے بعد پہلی پرواز کی کراچی پہنچ گئی۔عراقی ایئر کی پرواز آئی اے 409 مسافروں کو لیکر کراچی ایئرپورٹ پہنچی pic.twitter.com/TKPDQ5aZrt
— Abbas Malik (@AbbasMalik95703) May 25, 2026
یاد رہے کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی خدشات بڑھنے پر متعدد بین الاقوامی فضائی آپریشن متاثر ہوئے تھے، جس کے باعث عراق سے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں بھی معطل کردی گئی تھیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق بغداد سے کراچی کیلئے آخری براہِ راست پرواز 28 فروری کو آپریٹ کی گئی تھی جبکہ عراق ائیر کی پرواز آئی اے 409 آخری مرتبہ 15 فروری کو کراچی پہنچی تھی۔ بعد ازاں 2 اور 3 مئی کو بھی پروازیں شیڈول میں شامل تھیں تاہم آپریشنل وجوہات اور علاقائی صورتحال کے باعث انہیں منسوخ کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: کسی معاہدے میں جلد بازی نہ کی جائے، ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی مذاکرات کاروں کو ہدایت
ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق ائیر مستقبل قریب میں بغداد سے اسلام آباد کیلئے بھی براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، جس کے لیے ابتدائی انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، نئی پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان سفر مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی خطے میں فضائی سرگرمیوں کے معمول پر آنے کا مثبت اشارہ ہے، جبکہ اس اقدام سے مذہبی سیاحت اور دوطرفہ تعلقات کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔







