سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انڈیا رقبے، معیشت اور فوجی لحاظ سے پاکستان سے بڑا ملک ضرور ہے، تاہم ماضی میں ہونے والے واقعات کی تاریخ مؤرخین ہی بہتر انداز میں بیان کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی فضائیہ ماضی میں انڈیا کے اندر کارروائی کر کے مؤثر جواب دے چکی ہے اور اگر آئندہ بھی کسی قسم کی اشتعال انگیزی کی گئی تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ردعمل تیز، متوازن اور مؤثر ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور مذاکرات کے عمل میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے، خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں میں پیش رفت ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

انہوں نے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان امن و مصالحت کے عمل میں کامیاب ہوگا اور ملک میں اتحاد اور اتفاق کی فضا قائم رہے گی۔