گڑھی خدا بخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ مئی میں افواجِ پاکستان نے انڈیا کو تاریخی شکست دی، یہ فتح یقیناً پورے پاکستان کی جیت ہے اور اس کامیابی کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی، گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر یہ جیت ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ قاتلوں اور دہشت گردوں کے لیے سب سے بڑا جواب عوام کی یہ بھرپور موجودگی ہے، ہر سال پاکستان کے چاروں صوبوں سے عوام بڑی تعداد میں یہاں جمع ہوکر دنیا کو پیغام دیتے ہیں کہ کل بھی بی بی زندہ تھیں اور آج بھی زندہ ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی ملی اور گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے چین سے وہ طیارے منگوائے جنہوں نے انڈیا کے جہاز گرائے، جب کہ پاکستان اور چین کی دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی اور صدر زرداری نے سی پیک کے ذریعے اسے مزید مضبوط کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انڈیا اب تک اس شکست کو ہضم نہیں کر سکا، پاکستان کے فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی نریندر مودی چھپ جاتا ہے۔ انہوں نے معرکۂ حق میں کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ 10 مئی کے بعد انڈین وزیراعظم عالمی فورمز پر پاکستان کے خلاف تقاریر سے غائب ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا ہے، تاہم پیپلز پارٹی ان بحرانوں سے مقابلہ کرکے پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم میں این ایف سی کے آئینی تحفظ سے متعلق متنازع تجاویز کو مسترد کرنا پیپلز پارٹی کی بڑی کامیابی ہے، جب کہ آئینی عدالت کا قیام شہید بے نظیر بھٹو کا وعدہ تھا جس میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہوگی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارٹی وفاق پرست جماعت ہے، صوبوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ وفاق کے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔
بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔ انہی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان ایک ایٹمی قوت بنا، اور محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ملک کو جدید میزائل ٹیکنالوجی حاصل ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری کے دور میں وہ جنگی طیارے حاصل کیے گئے جنہوں… pic.twitter.com/wQ4Tjajuvj
— The Thursday Times (@thursday_times) December 27, 2025
ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی پیپلز پارٹی کا منصوبہ ہے جو آج بھی غریبوں، بالخصوص خواتین، کے لیے سہارا بنا ہوا ہے۔ سیلاب کے بعد سندھ میں 20 لاکھ گھروں کی تعمیر جاری ہے اور صوبے میں عالمی معیار کے صحت کے اداروں کا جال بچھایا جا رہا ہے جہاں مکمل مفت علاج فراہم ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام آج بھی مہنگائی، بجلی، گیس اور دیگر اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے مفاہمت ناگزیر ہے اور سیاست میں گالم گلوچ کے بجائے برداشت کو فروغ دینا ہوگا۔
آخر میں انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی نڈر آواز اور مظلوموں کی امید تھیں، ان کا جمہوری وژن آج بھی خواتین اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔







