پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بلوچستان پر منعقدہ 18ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی تزویراتی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے عوام کی ثابت قدمی اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کی ترقی اور خوش حالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات کی تعریف کی اور عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں پر زور دیا، جن کا مقصد صوبے کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنانا اور عوام کے مفاد میں اس کے وسیع امکانات کو بروئے کار لانا ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے تدارک اور پائیدار ترقی میں ان کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ذاتی اور مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ضروری ہے تاکہ اجتماعی ترقی کا عمل متاثر نہ ہو۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل اس کے تمام باشندوں کی طویل المدتی خوش حالی سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کے حمایت یافتہ پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں اور ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایسے مذموم عزائم کو سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں سے ناکام بنایا جائے گا اور صوبے کو دہشت گردی و بدامنی سے پاک کیا جائے گا۔

انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی، چاہے وہ براہ راست ہو یا بالواسطہ ان کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے اور بلوچستان کی ترقی و سیکیورٹی سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔