اپنے ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انڈین میڈیا مسلسل جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں انتشار پیدا کیا جا سکے۔ ان کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور وہ ہشاش بشاش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی دونوں صحت مند ہیں۔ انہیں ناحق قید کیا ہوا ہے اور ان کو ان کے بنیادی حقوق بھی فراہم نہیں کیے جا رہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

گنڈاپور نے مزید کہا کہ انڈین میڈیا کا یہ سلسلہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام بڑھانے کی دانستہ کوشش ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ کو فوری رہا کیا جائے۔ ان کے خلاف جعلی مقدمات قائم کیے گئے ہیں، فسطائیت کی جا رہی ہے اور ان کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔