تفصیلات کے مطابق بدھ کی دوپہر جاری کیے گئے 12ویں نوٹم کے مطابق انڈین ایئرلائنز، انڈین آپریٹرز کے زیرِ استعمال طیاروں، انڈیا میں رجسٹرڈ اورانڈین فوجی طیاروں کے پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر مزید ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نوٹم کے مطابق انڈین طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 24 اپریل 2026 کی صبح پانچ بجے تک بند رہے گی۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے 23 اپریل 2025 سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر رکھی ہے۔ نئے نوٹم کے مطابق اس بندش کو ایک سال مکمل ہونے جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق اس پابندی کے باعث انڈیا کی روزانہ 200 سے زائد کمرشل پروازیں متاثر ہو رہی ہیں، جب کہ طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے متبادل روٹس، اضافی ایندھن اور دیگر انتظامات کی وجہ سے انڈین ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔