پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے انڈین فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار کے متنازع بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ انڈیا ایک بار پھر جھوٹے پروپیگنڈے اور اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈیا کی فوجی قیادت بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مخالف بیانیہ استعمال کر رہی ہے۔ انڈین جنرل کا آپریشن سندور کے اگلے مرحلے کو زیادہ مہلک قرار دینا غیرذمہ دارانہ اور خطرناک ہے۔

مزید براں ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ انڈیا الیکشن سے قبل ہمیشہ پاکستان مخالف مہم چلاتا ہے تاکہ اندرونی سیاسی دباؤ سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو امن کو موقع دینا چاہتی ہے۔ تاہم دشمن کے کسی بھی جھوٹے بیانیے یا اشتعال انگیزی کا جواب دانشمندی، تحمل اور بھرپور تیاری سے دیا جائے گا۔

بیان میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انڈین قیادت کے جارحانہ بیانات کا نوٹس لے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رہ سکے۔ ترجمان نے دوہرایا کہ پاک فوج ملک کے دفاع، عوام کے تحفظ اور سرحدی سالمیت کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے۔