دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مختلف ادارہ جاتی فورمز کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق ہوا، جن میں جوائنٹ منسٹریل کمیشن (جے ایم سی) اور اینول بائی لیٹرل کنسلٹیشنز (اے بی سی) شامل ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے اہم اقتصادی و تجارتی اقدامات پر اتفاق کیا، جن میں نیا بزنس کونسل قائم کرنے کا فیصلہ، پاکستانی کاروباری اداروں کی فہرست تیار کرنا تاکہ مصر کے ساتھ B2B روابط کو فروغ دیا جا سکے، قاہرہ میں دوسری سہ ماہی 2026 میں وزارتی سطح کا بزنس فورم منعقد کرنا اور 2026 کی پہلی سہ ماہی میں اسلام آباد میں سینیئر آفیشلز کی تیاری میٹنگ بلانا شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر مصری وزیرِ خارجہ نے جامعۃ الازہر کی اسکالرشپس کی تعداد دگنی کرنے کا اعلان بھی کیا، جب کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں مصر کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور الازہر اسکالرشپس کے ذریعے تعلیمی و ثقافتی روابط کے فروغ کو سراہا۔