ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری، اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس دوران خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال، عالمی چیلنجز اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ نے عالمی اور علاقائی سطح پر امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مستقل سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کا کردار خطے میں توازن اور استحکام کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی روابط کو مزید فعال بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے،اس بات پر زور دیا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں باہمی مشاورت اور ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مُمکنہ ’ دوسرا مذاکراتی دور‘، تیاریاں شروع
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں سفارتی روابط میں تیزی آ رہی ہے اور ممالک خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنائے گا بلکہ خطے میں مثبت پیش رفت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔







