ترجمان وزارتِ خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 2026 میں پاکستان میں ہونے والی 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں کانفرنس کی تیاریاں تفصیل سے زیرِ غور آئیں اور زور دیا گیا کہ کامیاب انعقاد کے لیے بروقت اور مؤثر رابطہ کاری ضروری ہے۔ نائب وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ او آئی سی سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے انتظامی امور اور موضوعاتی ترجیحات کو حتمی شکل دیں۔
مزید پڑھیں: سندھ طاس معاہدے اور پاکستان کے پانی کے حقوق پر کسی سمجھوتے کا امکان نہیں، دفتر خارجہ
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، کابینہ و انسانی حقوق ڈویژنز کے سیکریٹریز اور وزارتِ خزانہ، داخلہ سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان او آئی سی کے پلیٹ فارم پر خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔







