پاکستان کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، اور اسی سلسلے میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم ملاقاتوں کا سلسلہ طے کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ پہنچنے پر اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی پیش رفت پر تفصیلی گفتگو شروع ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ کی بھی دفتر خارجہ آمد متوقع ہے، جہاں وہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔

حکام کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد کے بعد چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان مشترکہ ملاقات ہوگی، جس میں خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

یہ سفارتی سرگرمیاں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور مختلف ممالک اس صورتحال کو کم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔