اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی یہ اہم سفارتی پیش رفت پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، جس سے عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو مزید تقویت ملی ہے، یہ کامیابی صرف حکومت یا پارلیمنٹ کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے، جس سے دنیا میں پاکستان کے کردار اور امن کے لیے اس کی کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی تاریخ کی نمایاں سفارتی کامیابیوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں ملک کے وقار اور عالمی مقام میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی مدبرانہ حکمتِ عملی، مسلسل سفارتی رابطوں اور امن کے لیے مؤثر کردار کا نتیجہ ہے، پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، مفاہمت اور علاقائی استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
سردار ایاز صادق نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے کردار اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا، تمام ریاستی اداروں کے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے باعث یہ اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔
انہوں نے وزارتِ خارجہ اور وزیراعظم کی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر دنیا بھر میں چرچہ، انڈیا سمیت عالمی سطح پر پاکستان کا نام گونج رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایوان سے خطاب کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کو اس اہم سفارتی پیش رفت کے پس منظر، تفصیلات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کے سفارتی سفر میں ایک اہم باب ثابت ہوگی اور اس کے مثبت اثرات خطے میں امن، تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ پر مرتب ہوں گے۔







