سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق 15 فروری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ہر یونین کونسل سے چیئرمین، وائس چیئرمین، 9 جنرل وارڈ ممبران کے علاوہ ایک خاتون، ایک تاجر یا ورکر یا محنت کش یا ٹیکنوکریٹ، ایک یوتھ اور ایک غیر مسلم نشست شامل ہوگی۔ مخصوص نشستوں پر منتخب نمائندوں کا انتخاب وارڈ ممبران خفیہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 19 دسمبر 2025 کو کاغذات نامزدگی جاری کریں گے، جب کہ امیدوار 22 سے 27 دسمبر کے دوران کاغذات جمع کرا سکیں گے۔
امیدواروں کی ابتدائی فہرست 29 دسمبر کو جاری کی جائے گی، جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 30 دسمبر 2025 سے 3 جنوری 2026 تک مکمل ہوگا۔
مزید پڑھیں: وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نوبیل انعام وصول کرنے کے دوران زخمی ہوگئیں
کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 5 سے 8 جنوری تک دائر کی جا سکیں گی، جن پر اپیلٹ ٹربیونلز 9 سے 13 جنوری کے درمیان فیصلے سنائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 14 جنوری کو جاری کی جائے گی، جب کہ 15 جنوری کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ اسی روز حتمی فہرست شائع کی جائے گی، اور 16 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
پولنگ 15 فروری کو صبح 8 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی، جب کہ انتخابات کے نتائج 16 سے 19 فروری کے دوران جاری کیے جائیں گے۔







