حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کیے گئے اس آپریشن میں پولیس، رینجرز، محکمہ انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس اداروں کے دو ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں کیا گیا۔ اس دوران مساجد کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور تلاش و تفتیش کی مہم جاری ہے۔ رمضان المبارک کے پیش نظر 449 عبادت گاہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ مشترکہ کارروائی کے دوران 100 سے زائد افغان شہریوں اور مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جب کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی شناخت کے لیے دستاویزات کی جانچ پڑتال اور مرحلہ وار قانونی کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق وہ افراد جو قانون کے مطابق قیام پذیر ہیں، انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ تاہم غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دستاویزات درست کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔






