سرگودھا کے کرکٹ اسٹیڈیم میں الخدمت فاؤنڈیشن کے "بنو قابل" انٹری ٹیسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کی فراہمی کے بجائے پچیس ہزار سے زائد اسکول آؤٹ سورس کرچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن اداروں کا کام اسکولوں کی حالت بہتر بنانا تھا، وہ اس ذمہ داری سے جان چھڑا رہے ہیں۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ 33 سال براہ راست حکومت کرنے والی اسٹیبلشمنٹ نے اب اپنے "تلوے چاٹنے والوں" کو اقتدار میں لایا ہے،  نہ پہلے ان سے ملک چلا، نہ اب چل رہا ہے اور نہ ہی آئندہ چل سکے گا۔ اسٹیبلشمنٹ کو اپنی ناکامی تسلیم کرنی ہوگی اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست جلسے جلوسوں پر پابندی لگا کر تو اپنی رٹ قائم کررہی ہے، لیکن تعلیم، صحت، روزگار اور خواتین کے تحفظ جیسے بنیادی شعبوں میں اپنی رٹ کیوں قائم نہیں کرتی؟

مزید پڑھیں: بنو قابل انٹری ٹیسٹ ملتان،  جو بات ٹرمپ کو خود نہیں پتہ، وہ بھی شہباز شریف انہیں بتارہے ہوتے ہیں کہ آپ میں یہ خوبی بھی موجود ہے،  حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ "بنو قابل" پروگرام ملک کا گیم چینجر ثابت ہوگا اور جماعت اسلامی نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں ایسی مہارتیں دے گی کہ وہ ملک کا قرضہ اتارنے کی صلاحیت پیدا کر سکیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 20 لاکھ طلبہ کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گی اور ڈگری کورسز کے ساتھ بیرونِ ملک تعلیم میں بھی معاونت فراہم کرے گی۔