کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں نے صفائی آپریشن کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں عیدالاضحیٰ کے دوران لاکھوں جانور قربان کیے جاتے ہیں، جس کے باعث آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانا ایک بہت بڑا انتظامی مرحلہ ہوتا ہے۔
میئر کراچی کے مطابق شہر میں آلائشوں کی منتقلی اور تلفی کے لیے تین بڑے خصوصی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس تقریباً 98 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئی تھیں جبکہ اس سال اس سے بھی زیادہ مقدار متوقع ہے، اسی لیے متعلقہ اداروں کو اضافی مشینری، عملہ اور گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں تاکہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں اور آلائشیں مقررہ مقامات پر ہی رکھیں تاکہ انہیں بروقت اٹھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں آلائشیں نہ اٹھائی جائیں یا صفائی سے متعلق کوئی شکایت ہو تو شہری فوری طور پر ہیلپ لائن 1128 پر رابطہ کریں، متعلقہ عملہ فوری کارروائی کرے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں جبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایک صحافی کی جانب سے سیاسی سوال پوچھے جانے پر مرتضیٰ وہاب نے مزاق کے انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ عید کے دن بھی اگر سیاست ہی ہوگی تو محبتیں کیسے بڑھیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاسی مخالفین کے بیانات کا جواب دیتے رہتے ہیں، تاہم آج کے دن سب کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
میئر کراچی نے ایم کیو ایم رہنماؤں فاروق ستار اور علی خورشیدی کا ذکر کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ آج ان دونوں کو بھی ان کی جانب سے عید مبارک، اور عید پر دو کلیجیاں زیادہ کھانے کی اجازت ہے۔
ادھر شہری حلقوں نے عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کی امید ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آلائشیں بروقت اٹھانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر میں بدبو اور تعفن سے بچا جا سکے۔







