نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے شرکت کی، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار شامل تھے۔ ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم اور بلدیاتی نظام سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو آئینی طور پر بااختیار بنانے کے لیے پارٹی کے پیش کردہ بلدیاتی مسودے کو 27ویں ترمیم میں شامل کیا جائے۔
ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے بلدیاتی مسودے کو 27ویں ترمیم میں شامل کیا جائے گا اور مسلم لیگ (ن) اس آئینی ترمیم میں ایم کیو ایم کے مؤقف کی مکمل حمایت کرے گی۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیا ہے، بلدیاتی نظام سے متعلق مسودے پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومتی اتحاد رواں ماہ 27ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی تیاری میں مصروف ہے۔







