بدھ کو این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں، میں بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور سبی میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، گلگت، گھانچے، استور، خرمنگ، شگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش کے ساتھ مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے بروقت معلومات حاصل کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔






