محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، جب کہ چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق (کل) منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جب کہ بلوچستان اور سندھ میں شدید گرمی کی توقع ہے۔ تاہم شام اور رات کے اوقات میں جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا، جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 14 ملی میٹر اور لورالائی میں 3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ پنجاب میں راجن پور (ماڑی) میں 7 ملی میٹر اور ڈی جی خان کے علاقے فورٹ منرو میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پیر کے روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سبی اور دالبندین میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔






