تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ فریقین امن معاہدے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جیسے ہی اس امن معاہدے کو حتمی منظوری ملے گی، پاکستان اس پر دستخط کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس تاریخی معاہدے کے فوراً بعد اگلے ہفتے سے تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا تاکہ معاہدے کی تفصیلات اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا سکے۔

شہباز شریف نے مذاکراتی عمل کے دوران مسلسل تعاون پر امریکا اور ایران کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے خطے کے ان تمام برادر ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور حمایت اور مخلصانہ تعاون فراہم کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی امن معاہدہ نہ صرف امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گا بلکہ پورے خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد بھی ثابت ہوگا۔