سرکاری حکام کے مطابق پاکستانی شہریوں کے علاوہ ایرانی اور دیگر ممالک کے افراد بھی ان سرحدی مقامات کے ذریعے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
گوادر کے ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ منگل کے روز چاہ بہار سے 15 طلبا سمیت 106 پاکستانی شہری گبد ریمدان کراسنگ پوائنٹ کے ذریعے گوادر پہنچے۔ ان کے مطابق اسی راستے سے پانچ ایرانی شہری بھی پاکستان میں داخل ہوئے۔
دوسری جانب تفتان کے راستے منگل کو مجموعی طور پر 421 افراد پاکستان پہنچے جن میں 166 طلبا سمیت 220 پاکستانی شہری شامل تھے۔
وفاقی حکومت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تفتان سے آنے والوں میں 190 ایرانی ڈرائیور اور 13 دیگر ایرانی شہری بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق ایرانی ڈرائیور عموماً ایران سے مال بردار گاڑیاں تفتان تک لاتے ہیں، جہاں سامان اتارنے کے بعد وہ واپس ایران چلے جاتے ہیں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس روز کے دوران 3 ہزار 200 سے زائد پاکستانی شہری ایران سے واپس آ چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد طلبا کی ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق ایران سے اب تک 78 ایرانی شہری بھی پاکستان میں داخل ہوئے ہیں، جبکہ ایک چینی، دو برطانوی، دو کینیڈین اور دیگر ممالک کے 16 شہری بھی پاکستان پہنچے ہیں۔







