اسلام آباد میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایرانی صدر کے ذریعے رہبرِ اعلیٰ کو یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ایران نے وقار کے ساتھ جنگ بندی اور امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم اپنا کردار جاری رکھیں، جب تک ایک مستقل اور دیرپا امن قائم نہ ہو جائے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب کا آغاز دوستی کے موضوع پر ایک ایرانی شعر سے کیا اور صدر مسعود پزشکیان کو ایران کا دوراندیش اور مدبر رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پُرسکون، دانا اور صابر شخصیت کے مالک ہیں۔

شہباز شریف نے صدر پزشکیان کی ماضی میں بطور معالج خدمات کو بھی سراہا اور انہیں اس حوالے سے ملنے والے اعزاز پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے اس موقع کو پاکستان اور ایران کے تعلقات میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پورے خطے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ وہ جنگ ختم ہو گئی جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان امن عمل میں ایک مخلص اور دیانتدار ثالث کا کردار ادا کیا، جب کہ صدر مسعود پزشکیان کی قیادت کو بھی سراہا۔

سوئٹزرلینڈ میں جاری امریکا اور ایران کے تکنیکی مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ یہ معاہدہ پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو۔

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی عوام کے اتحاد، حوصلے اور استقامت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے حالیہ تنازع کے دوران جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جن میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ کی خوشی ہماری خوشی ہے، آپ کا غم ہمارا غم ہے۔ ایران کی کامیابی ہماری کامیابی ہے اور ایران کا نقصان ہمارا نقصان ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران صرف ہمسایہ ممالک نہیں بلکہ مشترکہ تاریخ، مذہب، تہذیب اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔