یہ جامع عوامی سروے 10 سے 20 اکتوبر 2025 کے درمیان منعقد ہوا، جس میں پاک سعودی معاہدہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کے دورۂ امریکا جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
سروے کے مطابق 80 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے نے پاکستان کے عالمی تشخص میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جب کہ 79 فیصد شہریوں نے اس معاہدے کی مکمل حمایت کی۔
رپورٹ کے مطابق 73 فیصد عوام کا ماننا ہے کہ اس دفاعی معاہدے سے حکومت اور افواجِ پاکستان پر عوام کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو امریکی غلاموں یا جاگیرداروں کا نہیں، کسان اور عوام کا راج چاہیے، حافظ نعیم الرحمان
پاک افغان تعلقات کے حوالے سے سروے میں 71 فیصد پاکستانیوں نے حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار افغان طالبان کو قرار دیا، جب کہ 75 فیصد شہریوں نے پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اسی طرح وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حالیہ دورۂ امریکا کے بارے میں بھی عوام کی اکثریت نے مثبت رائے دی اور کہا کہ اس دورے سے پاکستان کے عالمی وقار اور تشخص میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
آئی پی او آر کی رپورٹ کے مطابق یہ نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان کی حالیہ سفارت کاری مؤثر ثابت ہوئی ہے اور عالمی سطح پر ملک کا امیج مزید بہتر ہوا ہے۔







