پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر انڈین ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انڈین ویمن ٹیم پچاسویں اوور کی آخری گیند پر 247 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا، جو کہ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف انڈین ویمن ٹیم کا پہلی بار آل آؤٹ ہونا ہے۔
انڈیا کی جانب سے ہرلین دیول 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ رچا گوش نے 35، جمائما روڈریگز نے 32 اور پرتیکا راول نے 31 رنز اسکور کیے۔ انڈین ٹیم کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکیں۔
پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، جب کہ ندا ڈار اور نشرہ سندھو کو ایک ایک کامیابی ملی۔
انڈین ویمن ٹیم کے 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 ویں اوور میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ امین 81 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ان کے علاوہ نتالیہ پرویز نے 33 اور سدرہ نواز نے 14 رنز بنائے، جب کہ کوئی اور بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکی۔
انڈیا کی جانب سے کرانتی گوڈ اور دیپتی شرما نے 3،3 وکٹیں لیں، سنہے رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ ٹیم نے کوالیفائرز میں اچھا پرفارم کیا، امید ہے آج بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ دوسری جانب انڈین کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ ہم مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور آج بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
میچ کے دوران ایک اور دلچسپ لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا، جب انڈیا کی ویمن ٹیم نے مینز ٹیم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک نہیں کیا۔ ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے پریزنٹر سے بات کی لیکن روایتی طور پر ہاتھ نہیں ملایا گیا۔
دوسری جانب سری لنکن محکمہ موسمیات نے کولمبو میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے، جو میچ پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔







