یکم مئی کے حوالے سے جاری بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی تاریخی جدوجہد نے دنیا بھر میں جدید لیبر قوانین اور حقوق کی بنیاد رکھی،شکاگو کے محنت کشوں کی قربانیاں آج بھی انسانی وقار، انصاف اور برابری کی علامت کے طور پر یاد کی جاتی ہیں، جنہوں نے بہتر کام کے اوقات اور حقوق کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ منصفانہ اجرت، محفوظ اور باوقار ماحول میں کام کرنا ہر مزدور کا بنیادی حق ہے، جسے یقینی بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے،اس امر پر زور دیا کہ مزدوروں کو نہ صرف معاشی تحفظ فراہم کیا جائے بلکہ انہیں سماجی تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع بھی دیے جائیں۔

صدر مملکت نے 8 گھنٹے کام، 8 گھنٹے آرام اور 8 گھنٹے ذاتی زندگی کے عالمی اصول کو متوازن اور مہذب معاشرے کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد سے ہی مزدوروں کی فلاح اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی واضح ضمانت دیتا ہے اور ریاست ہر قسم کے استحصال کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مزدور طبقہ حقیقی معنوں میں اپنے حقوق سے مستفید ہو سکے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے محنت کشں مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز

اپنے پیغام کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے قوم سے اپیل کی کہ وہ یومِ مزدور کے موقع پر اس عزم کی تجدید کریں کہ ملک میں انصاف، برابری اور محنت کشوں کے احترام کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ ایک مضبوط اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں ہر فرد کو اس کی محنت کا جائز صلہ ملے۔