مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کی سربراہی میں پارٹی وفد آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پہنچا، جہاں وفد نے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ میڈیا گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کرے گی اور پارٹی کے تمام امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی، اور ن لیگ کی جیت، ایم کیو ایم کی جیت ہوگی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے تعاون کے بدلے تین اہم مطالبات بھی سامنے رکھے ہیں، جن میں آرٹیکل 140 اے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل، سندھ میں گورنر کا عہدہ اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے مرحلے پر ایم کیو ایم کو بھی شامل کرنا شامل ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے ایم کیو ایم کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر خواہ مسلم لیگ (ن) کا ہو یا ایم کیو ایم کا، وہ تمام شہریوں کا گورنر ہوتا ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات سے قبل دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان یہ سیاسی مفاہمت حکومت کی انتخابی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دی جا رہی ہے، جبکہ حکومت سازی کے حوالے سے بھی دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔







