پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ اجلاس گزشتہ روز دو نشستوں پر مشتمل تھا۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور مکالمے کا راستہ اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور انہیں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طاقت کے استعمال سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔ پارٹی چیئرمین وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد آزاد کشمیر کے حوالے سے آئندہ سیاسی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ معاملات سیاسی مذاکرات، افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں آج شام ہونے والی اہم ملاقات کے بعد آئندہ لائحۂ عمل کا اعلان متوقع ہے۔