دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ازبکستان کے صدر ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کریں گے، جس میں وفاقی کابینہ کے سینئر وزرا اور معروف کاروباری شخصیات شامل ہوں گی۔

دورے کے دوران صدر شوکت مرزایوف وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت کریں گے، جب کہ صدرِ مملکت سے ملاقات بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ وہ پاک ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شوکت مرزایوف کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے، جو پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور دونوں برادر ممالک کے مابین مضبوط اور برادرانہ روابط کا مظہر ہے۔

واضح رہے کہ  دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ تاریخ، مشترکہ عقیدے اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کی مشترکہ امنگوں پر مبنی ہیں۔