عالمی دنِ تحمل و برداشت کے موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحمل اور برداشت صرف اخلاقی اصول نہیں بلکہ امن، انصاف اور پائیدار ترقی کی اساس ہیں۔ پاکستان کا آئین اور قومی وژن تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور وقار کی ضمانت دیتے ہیں، جبکہ اسلامی تعلیمات اور قائداعظم محمد علی جناح کی رہنمائی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہم سب ایک ریاست کے برابر شہری ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اختلافات کو تسلیم کرنا، ایک دوسرے سے سیکھنا اور کمزور طبقات کی مدد کرنا معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہے۔
تحمل اور برداشت کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اور قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ باہمی احترام، افہام و تفہیم اور اختلافات کو قبول کرنا ایک پرامن اور شمولیتی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔#AzamNazeerTarar #humanrights pic.twitter.com/arg5XiZ8ZN
— APP (@appcsocialmedia) November 17, 2025
انہوں نے کہا کہ وزارتِ انسانی حقوق پسماندہ اور مخدوش طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور عزم رکھتی ہے اور معاشرے میں انصاف، شمولیت اور رواداری کے فروغ پر مسلسل کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے شہریوں، اداروں، میڈیا اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ باہمی احترام اور برداشت کو فروغ دیں تاکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل پا سکے جہاں تنوع کو عزت ملے، اتحاد مضبوط ہو اور ہر فرد باوقار زندگی گزار سکے۔







