صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ اوور اسپیڈنگ، سگنل توڑنا اور غلط سمت ڈرائیونگ جیسی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی ہوگی اور نئی فہرست میں جرمانے گاڑی کی قسم کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اوور اسپیڈنگ پر اٹھ ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل ہوں گے، جب کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 50 ہزار روپے جرمانہ اور چھ ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے جائیں گے۔ لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر 25 ہزار روپے جرمانہ اور اٹھ ڈی میرٹ پوائنٹس رکھے گئے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ون وہیلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، غلط لین میں ڈرائیونگ، دھندلے شیشے اور گاڑی کی چھت پر سواریاں بٹھانے جیسے جرائم پر بھی سزائیں ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ کو جدید بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے ڈی میرٹ پوائنٹس کی بنیاد پر بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کا ریکارڈ برقرار رکھا جا سکے گا۔

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد محض جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ کرنا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے سگنل توڑنا، ون وہیلنگ اور اوور اسپیڈنگ کو جان لیوا حرکات قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف لائسنس معطل یا منسوخ کرنے کا اختیار بھی موجود ہوگا تاکہ روڈ سیفٹی کا سسٹم بہتر بنایا جا سکے۔