سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

گفتگو کے دوران بحیرۂ احمر اور خلیج عرب میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، سمندری راستوں کی سلامتی اور جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں تعمیری سفارت کاری، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد میری ٹائم سکیورٹی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں ہفتے یمن کی حوثی ملیشیا کے ایک حملے میں سعودی کمرشل جہاز کو نقصان پہنچا تھا، جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی۔