راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق 24 دسمبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں انڈین پراکسی نیٹ ورک سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشتگرد علاقے میں مختلف تخریبی اور دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کے مکمل خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق انسداد دہشتگردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔







