وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فرائض انجام دینے کا پابند بنایا گیا ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناروا سلوک ریاستی ذمہ داریوں کے منافی ہے،شہریوں کی عزتِ نفس، جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی تربیت اور آئینی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکار کے خلاف شفاف، غیر جانبدار اور فوری قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ایسے واقعات عوام کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں، جسے بحال رکھنا حکومت اور پولیس دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت قانون کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اصلاح اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ اعلیٰ پولیس افسران کو واقعے کی مکمل تفصیلات پیش کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔