ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر مبنی اس آپریشن میں انڈین پراکسی کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور چار انڈین حمایت یافتہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک شدت پسند علاقے میں مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے، جب کہ ان کے ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

بیان کے مطابق علاقے میں مزید انڈین سرپرست دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی اپنی مہم جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔