نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز نے پی سی بی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ اپنے اس فیصلے سے حکومت کو آگاہ کرے گا، جس کے بعد حکومتی مشاورت سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ حکومتی فیصلے کے ساتھ ہی بی سی بی اس معاملے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی مطلع کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی بی آئی سی سی سے درخواست کرے گا کہ ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے میچز سری لنکا میں کرائے جائیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے تمام میچز بھارت میں شیڈول ہیں، جن میں تین میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ لٹن کمار داس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ سیف حسن نائب کپتان ہوں گے۔

بنگلادیش کے گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ بنگلادیش اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔