تفصیلات کے مطابق، ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں تعاون اور اعلیٰ تعلیم میں باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ علاقائی تعاون، تجارتی تعلقات اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی و تحقیقی اشتراک دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا، جو پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے یو ایم ٹی کی تعلیمی خدمات، معیاری تدریسی نظام اور تحقیقی ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اپنے سفارتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں تعلیم، تحقیق اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین کے درمیان تحائف اور یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔