انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی، نشستوں، رجسٹریشن کاؤنٹرز اور دیگر انتظامی امور کو بروقت مکمل کیا گیا تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گراؤنڈ میں امیدواروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو جدید آئی ٹی کورسز میں داخلے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا امتحان دے رہی ہے۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان کسی جلسہ گاہ میں نہیں بلکہ پڑھنے اور آگے بڑھنے کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن حیدرآباد کے نعیم عباسی اور ان کی ٹیم کو کامیاب انتظامات پر مبارکباد دی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت آئی ٹی کے مفت کورسز 4 اپریل تک شروع کر دیے جائیں گے اور یہاں سے ٹیسٹ پاس کرنے والے تمام طلبہ کو تعلیم فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان جتنا پڑھنا چاہتے ہیں ہم انہیں سیکھنے کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔

منتظمین کے مطابق پروگرام کے تحت ملک بھر سے 12 لاکھ افراد پہلے ہی انرول ہو چکے ہیں جو اس اقدام کی مقبولیت اور نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی کا ثبوت ہے۔ بنو قابل پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے اور حیدرآباد میں جاری انٹری ٹیسٹ اس سلسلے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔