اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی فتح خیل پولیس چوکی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور پوری چوکی تباہ ہوگئی۔

ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان کے مطابق حملے کے وقت چوکی میں مجموعی طور پر 18 اہلکار موجود تھے۔ دھماکے کے فوری بعد حملہ آوروں نے مختلف اطراف سے شدید فائرنگ شروع کر دی، جبکہ دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہا۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی راحت اللہ خان، رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صہیب، سعد اللہ، محمد کامران، نعمت اللہ، کامران، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم اور فاروق داد شامل ہیں۔

فتح خیل پولیس چوکی پر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آر پی او سجاد خان، ڈی پی او یاسر آفریدی، ڈی پی او لکی مروت نذیر خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد خان، سینئر پولیس افسران، پولیس اہلکاروں اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


اس موقع پر آر پی او سجاد خان نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور حملے میں ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

حملے کے بعد ریسکیو 1122 اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے تقریباً 20 گھنٹے تک مسلسل امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

امدادی کارکنوں نے ملبے تلے دبے زخمیوں اور شہداء کو نکالنے، طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے امدادی اداروں کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔