الیکشن کمیشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے سکندر سلطان راجا نے کہا کہ سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگانا اور اس کی ویڈیو بنانا دونوں قابلِ سزا عمل ہیں، ضمنی انتخاب کے دوران ووٹ کی رازداری کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
سماعت کے دوران عابد شیر علی نے چیف الیکشن کمشنر سے مخاطب ہو کر کہا کہ کیا وہ وضاحت دے سکتے ہیں کیونکہ انہیں عمرے پر جانا ہے، تاہم چیف الیکشن کمشنر نے انہیں گفتگو کی اجازت نہیں دی۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پی پی 116 فیصل آباد کے ضمنی انتخابات کے دوران عابد شیر علی کی جانب سے ووٹ ڈالتے ہوئے ویڈیو بنانے کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔







