پی ٹی آئی چیئرمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ صبح تقریباً 11 بجے ہیک ہوا اور بعد ازاں اسے ان کے موبائل فون سے حذف کر دیا گیا،ہیکرز نے ان کے نام پر مالی لین دین یا رقم کی درخواستیں بھی بھیجیں، اس لیے شہری کسی بھی ایسی درخواست کو یکسر نظر انداز کریں۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو رپورٹ کر دی ہے اور واٹس ایپ کو بھی ای میل کے ذریعے مطلع کیا ہے،فون میں کوئی مشکوک ایپ یا نقصان دہ سافٹ ویئر نہیں ہے، تاہم اس میں شامل متعدد گروپس میں حساس معلومات موجود ہیں، جس پر وہ متعلقہ حکام سے رجوع کر رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سائبر فراڈ اور آن لائن مالی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے محتاط رہیں، اور کسی بھی مشکوک کال، واٹس ایپ پیغام یا ای میل پر اعتماد نہ کریں، اس معاملے میں قانونی کارروائی جلد شروع کی جائے گی تاکہ ہیکرز کے خلاف سخت اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ اپنے آن لائن اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے مضبوط پاس ورڈز استعمال کریں، دوہری تصدیق (Two-Factor Authentication) فعال کریں، اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات فطری اور مضبوط ہیں، بیرسٹر گوہر علی خان
بیرسٹر گوہر علی خان کا یہ اقدام اس بات کا پیغام بھی ہے کہ سائبر سیکیورٹی اور آن لائن مالی تحفظ ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور محتاط رہنے سے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔







