پولیس کے مطابق واقعہ شبقدر کے علاقے خیرآباد میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دب کر 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور اس کی تین بیٹیاں شامل ہیں، جب کہ دیگر جاں بحق ہونے والے بھی بچے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ گھر میں اہلِ خانہ کے علاوہ قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے جو شادی میں شرکت کے لیے پشاور اور ضلع خیبر سے شبقدر آئے ہوئے تھے۔
پشاور چارسدہ شبقدر میں شادی کی تقریب کے دوران کمرے کی چھت منہدم، 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچیاں شامل pic.twitter.com/CDbRPvt3MJ
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) January 4, 2026
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 5 خواتین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکان خستہ حال تھا اور حالیہ بارشوں کے باعث چھت کمزور ہو چکی تھی۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جب کہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔






