اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے مطابق قتل اور ڈکیتی کیس میں گرفتار ملزمان سوریش، رام چند اور انیل جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں تھے۔

پولیس انہیں دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ناردرن بائی پاس، گلشنِ معمار کے قریب عمر بروہی گوٹھ لے گئی، جہاں ملزمان کی نشاندہی پر چھاپہ مارا گیا۔

ایس آئی یو کے مطابق اس دوران وہاں موجود مفرور ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جب کہ زیرِ حراست تینوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان کو آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی ہیں، جب کہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن، تین تلوار کے قریب بینک کے باہر ڈاکوؤں نے 50 لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش کے دوران نوجوان ڈاکٹر آکاش کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کی تفتیشی رپورٹ میں اس واردات میں ایک نامعلوم خاتون کے مبینہ کردار کا بھی ذکر کیا گیا تھا، جب کہ گرفتار ملزمان پر بینکوں کے باہر ڈکیتی اور تاجروں سے لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔