پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرااسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مسلح افواج عوام کے تعاون سے ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔

انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو اس کی اصل طاقت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا اور عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، ثابت قدمی اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔