ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرانی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد اب تک افغانستان کی جانب سے پاکستان پر کسی قسم کا حملہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کے استنبول مذاکرات میں شرکت سے متعلق فی الحال تفصیلات دستیاب نہیں۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے حملوں اور پاکستانی شہریوں کے قتل عام کے بعد خطے کی صورتحال تبدیل ہوئی ہے۔
🔴LIVE: Spokesperson s Weekly Press Briefing 24-10-2025 at Ministry of Foreign Affairs, Islamabad https://t.co/CmwTPJ5jsg
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) October 24, 2025
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ نمائندہ خصوصی محمد صادق دوحہ مذاکرات میں شریک کیوں نہیں ہوئے۔
پولینڈ کے نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرانی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پولینڈ کے نائب وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی متنازع قانون سازی پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے منافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔






