ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو غزہ سے متعلق بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت موصول ہو چکی ہے۔ پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا بھرپور اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا اور پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔
طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششوں کی تائید اور حمایت جاری رکھے گا۔
🔊PR No.2️⃣0️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) January 18, 2026
Press Remarks by the Spokesperson https://t.co/loyy8yv0aR
🔗⬇️ pic.twitter.com/9SetjLwP1V
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ یہ بورڈ غزہ میں سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیرِ نو کے اقدامات میں ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا، جبکہ فلسطینی اتھارٹی اور حکومتی ڈھانچے میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ بورڈ آف پیس کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام اسرائیلی حکومت کی پالیسی کے منافی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بورڈ کی تشکیل کے لیے اسرائیلی حکومت سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی وزیرِ خارجہ گڈیون سار، غزہ بورڈ کے معاملے کو امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اٹھائیں گے۔







