تفصیلات کے مطابق جہلم کے رہائشی اور مقامی سی بی او کے سیکرٹری جنرل راجہ محمد قیصر نمبردار نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مبینہ کرپشن کے شواہد ارسال کیے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران مختلف فورمز پر درخواستیں دینے کے باوجود تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔
راجہ محمد قیصر نمبردار کے مطابق انہوں نے 25 فروری 2024 کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وفاقی وزیر کو ڈی جی وائلڈلائف مبین الٰہی کے خلاف انکوائری کے لیے تحریری درخواستیں دیں۔ اسی طرح یکم مئی 2025 کو وزیراعلیٰ پنجاب کے شکایات سیل کو بھی درخواست ارسال کی گئی، جس کی وصولی کی تصدیق 25 جون کو کی گئی۔ تاہم 2 جولائی کو بغیر کسی وضاحت کے شکایت حل ہونے کا پیغام موصول ہوا، جب کہ اس دوران ان سے مزید تفصیلات کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکرٹری کی جانب سے فروری 2025 میں مبینہ انکوائری کے احکامات سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کو موصول ہوئے، جس کے بعد متعلقہ محکمے نے اُس وقت کے ڈی جی وائلڈلائف سے رپورٹ طلب کی۔
درخواست گزار کے مطابق باقاعدہ تفتیش کے بغیر ہی کارروائی ختم کر دی گئی اور مبینہ طور پر مبین الٰہی کو چھٹی پر بھیجنے کے بعد دوبارہ ڈی جی وائلڈلائف تعینات کر دیا گیا۔ اب انہیں 20ویں گریڈ میں ترقی کے لیے کورس پر بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
الزامات کے مطابق مبین الٰہی پر کالا باغ سی بی او کو مقررہ کوٹے سے زائد ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس جاری کرنے کا الزام ہے، جہاں چار کے بجائے سات پرمٹس جاری کیے گئے۔
مزید یہ کہ لاہور چڑیا گھر کے ہولوگرام منصوبے میں نجی کمپنی سے اور چڑیا گھروں کے لیے جانوروں کی خریداری کے دوران کراچی کے جانوروں کے تاجروں سے ترقیاتی منصوبوں کے عوض مبینہ طور پر کک بیکس وصول کی گئیں۔
الزام یہ بھی ہے کہ کالا باغ اور پدھری کی نجی رجسٹرڈ شکار گاہوں میں غیر ملکی مہمانوں اور رشتہ داروں کے لیے بغیر مقررہ فیس اور لازمی این او سیز کے غیرقانونی شکار کروایا گیا۔ راجہ محمد قیصر نمبردار کا کہنا ہے کہ ڈی جی وائلڈلائف مبینہ طور پر اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے مختلف انکوائریوں کو التوا میں ڈلواتے رہے ہیں، جبکہ بعض معاملات عدالتوں میں بھی زیرِ التوا ہیں۔
درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام الزامات کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔







