عطا اللہ تارڑ نے شہید فہیم اللہ کے والد اکرام اللہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیر نے اہلخانہ سے گفتگو کے دوران شہید فہیم اللہ کی خدمات اور ملک کے امن و سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فہیم اللہ جیسے بہادر جوان ملک اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور امن کے قیام کے لیے جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مسلسل اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان جوانوں کی قربانیوں کے باعث ملک میں امن و امان کے قیام کی کوششیں جاری ہیں اور قوم ان کے حوصلے اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے خلاف متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کے خون کی قدر کی جائے گی اور ملک میں امن کے لیے جاری کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ حکومت شہدا کے اہلخانہ کی مشکلات اور ضروریات سے آگاہ ہے اور انہیں کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے شہید فہیم اللہ کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ حکومت اور قوم ان کے غم میں شریک ہیں، شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور ان کی ضروریات پوری کرنا قومی ذمہ داری ہے، جبکہ قربانیاں دینے والے خاندانوں کو عزت و احترام دینا پوری قوم کا فرض ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے شہید فہیم اللہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور اہلخانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمائے۔
ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما صادق رضا بھی وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ موجود تھے۔ عطا اللہ تارڑ نے اہلخانہ سے دوبارہ تعزیت کرتے ہوئے شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔






